Sunday, September 24, 2017

How to become successful and rich in life !!

Monday, September 18, 2017

How To Make Completely free Call To Any Phone Worldwide ! !

Saturday, June 20, 2015

سِلم جیٹ، ونڈوز کے لیے ایک طاقت ور براؤزر Slimjet Web Browser

سِلم جیٹ، ونڈوز کے لیے ایک طاقت ور براؤزر

سبھی کو ایک ایسے براؤزر کی ضرورت ہوتی ہے جو تیز رفتار ہو، اس میں ویب سائٹس جلد کھلیں اور اس میں کئی مفید فیچرز موجود ہیں۔ ان تمام خصوصیات پر پورا اُترتا ہے ’’سِلم جیٹ‘‘ (Slimjet) براؤزر۔ اس میں بِلنک (Blink)انجن استعمال کیا گیا ہے جو کہ تیز رفتار براؤزنگ کو ممکن بناتا ہے۔ اسے آپ کسی بھی براؤزر کے متبادل کے طور پر استعمال کر سکتے ہیں۔ فائرفوکس ہو یا گوگل کروم آپ اس کا مقابلہ کسی بھی ةبراؤزر سے کر سکتے ہیں۔ سلم جیٹ کے فیچرز کا تذکرہ کیا جائے تو ان کی ایک لمبی فہرست ہے، آئیے آپ کو اس کے چند چیدہ چیدہ فیچرز کے بارے میں بتاتے ہیں۔


فیس بک شیئرنگ کی شمولیت
آج کل چونکہ ہم ہر وقت فیس بک پر کچھ نہ کچھ شیئر کرتے رہتے ہیں، اس لیے اس میں پہلے سے فیس بک بٹن شامل کیا گیا ہے، تاکہ آپ کوئی بھی ویب پیج یا تصویر فوراً ہی فیس بک پر شیئر کر سکیں۔
slimjet-Facebook-sharing-01

فوٹو ایڈیٹنگ
اس میں فوٹو ایڈیٹر بھی موجود ہوتا ہے، کوئی بھی تصویر اپ لوڈ کرنے سے پہلے آپ اس پر خوبصورت ایفیکٹس اور فریم بھی لگا سکتے ہیں۔
slimjet-photo-enhancement-03
اپ لوڈ کرنے کے لیے تصویر ری سائز
تصویریں کہیں بھی اپ لوڈ کرنے میں زیادہ وقت اس لیے لیتی ہیں کہ ان کا سائز بہت زیادہ ہوتا ہے، لیکن سلم جیٹ براؤزر میں آپ ایک سائز منتخب کر سکتے ہیں، اس کے بعد جب بھی تصویر اپ لوڈ کریں گے وہ خود بخود ری سائز کر دی جائے گی۔

وڈیو ڈاؤن لوڈنگ
اس براؤزر میں یوٹیوب سے وڈیوز کو ڈاؤن لوڈ کرنے کا فیچر بھی شامل کیا گیا ہے، اس کے علاوہ آپ کسی بھی وڈیو سے صرف آڈیو بطور MP3 بھی ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں۔
 slimjet-youtube-download-02


ایکسٹینشن، پلگ اِن، تھیم سپورٹ
اس براؤزر میں کروم براؤزر کے ایکسٹینشن، پلگ اِن اور تھیم کی سپورٹ بھی موجود ہے۔ یعنی کروم کے لیے تیار کیے گئے ایکسٹینشن آپ اس براؤزر میں بھی انسٹال کر سکتے ہیں۔
اس کے علاوہ اس میں فارم بھرنے، زبانوں کے ترجمے، ویب لنکس کو مختصر بنانا یعنی لنک شارٹنر اور موسم کا احوال جیسے کئی بہترین فیچرز موجود ہیں۔
دستیابی: مفت
مطابقت: ونڈوز، لینکس
ڈاؤن لوڈ کریں

Thursday, June 4, 2015

بچوں کے لیے کمپیوٹر استعمال کرنے کے اوقات مقرر کریں Free Software To Limit Your Kids Online Time


‘‘ٹائم آؤٹ ’’سافٹ ویئر کی مدد سے آپ کمپیوٹر کو استعمال کرنے کے اوقات مقرر کر سکتے ہیں۔ وہ اس طرح کہ اگر آپ بچوں کو کمپیوٹر استعمال کرنے کی اجازت دینا چاہتے ہیں لیکن ایک محدود وقت کے لیے تو یہ سافٹ ویئر آپ کے کام آسکتا ہے۔ اس میں آپ روزانہ کے لیے جتنے وقت کی اجازت دینا چاہیں وہ مقرر کر سکتے ہیں۔ یہ پروگرام کمپیوٹر استعمال کرنے والے کو بتاتا رہے گا کہ اس کے پاس مزید اتنا وقت باقی ہے۔ ٹائم آؤٹ پر پاس ورڈ لگا کر آپ اسے مکمل اپنے اختیار میں رکھ سکتے ہیں۔
اس انتہائی مفید فیچر کے علاوہ اس میں انٹرنیٹ کے استعمال کو مونیٹر کرنے کا آپشن بھی دستیاب ہے۔ یعنی آپ مکمل ریکارڈ رکھ سکتے ہیں کہ کون کون سی ویب سائٹس تک رسائی حاصل کی گئی۔ اس میں ویب سائٹس اور پروگرامز کو بلاک کرنے کی سہولت بھی موجود ہے۔
جب چاہیں استعمال کا کوٹہ بدلا بھی جا سکتا ہے اور عارضی طور پر پروگرام کو روکنے کی یعنی pause کرنے کی سہولت بھی موجود ہے۔

اس پروگرام کو بنانے والی کمپنی نے اسے مفت فراہم کر رکھا ہے لیکن اس پر مزید ڈیویلپمنٹ کو بند کر دیا ہے۔ اس کا آخری اسٹیبل ورژن مفت ڈاؤن لوڈ کر کے استعمال کیا جا سکتا ہے۔ ونڈوز ایکس پی، 2003، وستا، سیون اور ایٹ کے لیے یہ دستیاب ہے۔ اسے استعمال کرنے کے لیے ضروری ہے کہ ڈاٹ نیٹ وریم ورک 4 انسٹال ہو۔         

Wednesday, June 3, 2015

بچوں کے لیے مفید بنیادی پروگرامنگ ٹولز Tools To Introduce Programming to Kids

ہم ایک ایسے ڈیجیٹل دور میں آچکے ہیں جہاں اسمارٹ فونز، کمپیوٹرز اور ٹیبلیٹس زندگی کا لازمی جزو بن چکے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ آج کل انتہائی کم عمر بچے بھی ان چیزوں کو استعمال کرنے پر دسترس رکھتے ہیں۔ ہماری اکثر کوشش ہوتی ہے کہ بچے کمپیوٹر، اسمارٹ فون اور ٹیبلیٹس کو صرف گیمز کھیلنے تک محدود نہ رکھیں بلکہ انھیں کچھ نیا سیکھنے کے لیے بھی استعمال میں لائیں۔ ایک گیم جو کہ بہت مزے کا ہو، یہ جاننے کی بھی ضرورت ہوتی ہے کہ اس کے پیچھے کیسی پروگرامنگ کارفرما ہے۔ یعنی کم عمری سے ہی بچوں کو پروگرامنگ سے روشناس کرانے کی ضرورت ہے۔ یہ چیز نہ صرف ان کی صلاحیتوں میں نکھار لائے گی بلکہ انھیں مستقبل میں یہ فیصلہ کرنے میں مدد دے گی کہ آیا وہ ایک پروگرامر بننا چاہتے ہیں یا نہیں۔

آئیے آپ کو دس ایسے مفید تعلیمی ٹولز سے متعارف کرواتے ہیں جن کی مدد سے بچوں کی پروگرامنگ کی صلاحیتیں اُجاگر کی جا سکتی ہیں۔ زیادہ تر یہ ٹول ویژیول پروگرامنگ لینگویج پر مبنی ہیں جن میں ڈریگ اینڈ ڈراپ انٹرفیس کے ذریعے پروگرامنگ سکھائی جاتی ہے۔ یعنی کوئی پیچیدہ کوڈنگ نہیں بلکہ رنگدار قسم کے ٹول استعمال کیے جاتے ہیں جنھیں بس ڈریگ اینڈ ڈراپ سے پروگرام میں شامل کرکے کچھ نیا بنانا ہے۔

ہوپ سکوچ  (Hopscotch) (آئی او ایس)


 آپ نے اکثر سنا ہو گا کہ گانا کوئی بھی گا سکتا ہے، کھانا کوئی بھی پکا سکتا ہے اسی طرح ’’ہوپ سکوچ‘‘ کا کہنا ہے کہ پروگرامنگ بھی ہر کوئی کر سکتا ہے۔ ہوپ سکوچ کو استعمال کرتے ہوئے بچوں کو باآسانی پروگرامنگ کی بنیادی معلومات سے آگاہ کیا جا سکتا ہے۔ ابھی ہوپ سکوچ مفت ایپلی کیشن کی صورت میں صرف آئی پیڈ کے لیے دستیاب ہے۔
اس کی مدد سے بچے اپنی گیمز، ایپلی کیشنز، کہانیاں، اینی میشنز اور دیگر کئی پروگرامز خود بنا سکتے ہیں کیونکہ اس میں کوڈز کے بلاک کو صرف ڈریگ اینڈ ڈراپ کر کے شامل کرنا ہوتا ہے۔ پروگرامنگ کے حوالے سے اگر آپ کچھ بھی تصور کر سکتے ہیں تو اسے ہوپ سکوچ کی مدد سے بنا بھی سکتے ہیں۔



(ویب) (Scratch) اسکریچ  

اسکریچ ایک پروگرامنگ لینگویج اور آن لائن کمیونٹی ہے۔ جس کی ڈیویلپمنٹ اور تمام انتظام ایم آئی ٹی لیب میں موجود لائف لانگ کنڈگارٹن گروپ (Lifelong Kindergarten group) کے ہاتھ میں ہے۔ اسکریچ اپنی خدمات مفت پیش کیے ہوئے ہے جسے استعمال کرتے ہوئے بچے اپنی اینی میشنز، گیمز اور کہانیاں خود بنا سکتے ہیں۔ اپنی تخلیقات کو اس آن لائن کمیونٹی کے ذریعے دنیا بھر سے شیئر بھی کیا جا سکتا ہے۔
والدین اور اساتذہ کے لیے مکمل تفصیلات موجود ہیں کہ ویب سائٹ بچوں کے لیے کس طرح فائدے مند ثابت ہو سکتی ہے۔
scratch.mit.edu


ایلس(Alice) )ونڈوز، میک، لینکس(



تصویری کہانیاں ہمیشہ بہت دلچسپ لگتی ہیں۔ ایلس ایک تھری ڈی پروگرامنگ ٹول ہے جس کی مدد سے اینی میشن پر مبنی کہانیاں بنائی جا سکتی ہیں اور انھیں کھیل یا وڈیو کی صورت میں ویب سائٹ پر شیئر بھی کیا جا سکتا ہے۔ اس ویب سائٹ کا بنیادی مقصد بچوں کو آبجیکٹ اورینٹڈ پروگرامنگ سے روشناس کرانا ہے۔
ایلس کو استعمال کرتے ہوئے طلبہ مختصر اور بنیادی اینی میٹڈ وڈیوز بھی بنا سکتے ہیں جن میں انسانی کردار، جانور اور گاڑیاں بھی شامل کی جا سکتی ہیں۔ اس کے علاوہ چھوٹی موٹی وڈیو گیم بھی بنائی جا سکتی ہے۔



ٹِنکر (Tynker) (آئی او ایس، اینڈروئیڈ)

ٹنکر ایک آن لائن پروگرامنگ سیکھنے کا نظام ہے جو بچوں کی حوصلہ افزائی کرتا ہے کہ وہ اپنے آئیڈیاز کو استعمال کرتے ہوئے گیمز، پروجیکٹس، اینی میٹڈ کہانیاں اور ایپلی کیشنز بنا کر انھیں ویب سائٹ پر شیئر کر سکیں۔ ٹنکر میں بہت ہی آسان قسم کی ویژیول پروگرامنگ لینگویج استعمال ہوتی ہے جس میں کسی قسم کی کوڈنگ کی ضرورت نہیں ہوتی بلکہ کوڈز کے بلاکس کو استعمال کرتے ہوئے پروگرام بنایا جاتا ہے۔ یعنی ایک پروگرام بنانا ایسے ہی ہے جیسے کوئی بچہ لیگو بلاکس کو جوڑ کر کوئی چیز بنا دے۔
www.tynker.com


ہیکٹی ہیک (Hackety Hack) (ونڈوز)


پروگرامنگ کی بنیادی باتوں کا علم ہونا ایک اچھے پروگرامر کی نشانی ہوتی ہے۔ اگر آپ بچوں کو پروگرامنگ کی بنیادیات سے آگاہ کرنا چاہتے ہیں تو اس ویب سائٹ کا رُخ کریں۔ اس کام کے لیے یہ استعمال میں انتہائی آسان ٹول ہے۔ یہاں آغاز کرنے کے لیے بالکل ضروری نہیں کہ پہلے سے پروگرامنگ کے بارے میں کچھ علم ہو۔ یہ ٹول روبی (Ruby) پروگرامنگ لینگویج پر مبنی ہے۔ یہ لینگویج کئی ڈیسک ٹاپ ایپلی کیشنز اور ویب سائٹس بنانے کے لیے استعمال ہوتی ہے۔ اس کے پروگرامنگ سکھانے والے ٹول کا نام شوز (Shoes) ہے جو اس کی ویب سائٹ سے ونڈوز کے لیے ڈاؤن لوڈ کیا جا سکتا ہے۔
http://hackety.com


کوڈایبل (Kodable) (آئی او ایس)

کوڈ ایبل پروگرامنگ ایپلی کیشن آئی پیڈ کے لیے دستیاب ہے۔ اس کی ٹیگ لائن ہے ’’پڑھنا سیکھنے سے پہلے کوڈنگ کرنا سیکھیں‘‘۔ یہاں سکھانے کا عمل دلچسپ گیم پر مبنی ہے۔ کوڈایبل خصوصی طور پر پانچ سال اور اس سے بڑی عمر کے بچے کے لیے بنائی گئی ہے۔ جس میں بچہ ہدایات کے ساتھ گیم کھیلتے ہوئے کوڈنگ سیکھنا شروع ہو جاتا ہے۔
مختلف عمر کے بچوں کے حساب سے یہاں پروگرامنگ کے لیول موجود ہیں تاکہ عمر کے حساب سے بچے کو سکھایا جا سکے۔ بچوں کو کوڈنگ سکھانے کے لیے تمام اہم ٹولز اس ایپلی کیشن میں موجود ہیں۔ جن کی مدد سے بچوں کی مسئلے حل کرنے کی، سوچنے کی، کمپیوٹر سے دلچسپی کی اور اس طرح کی دیگر کئی صلاحیتوں کو نکھارا جا سکتا ہے۔


سٹینسل (Stencyl) (ونڈوز، میک، لینکس)

سٹینسل ایک مفت اور بہترین سروس ہے جس کے ذریعے بلاکس کو ڈریگ اینڈ ڈاپ سے شامل کر کے دلچسپ گیم بنایا جا سکتا ہے یعنی کسی قسم کی کوڈنگ کی ضرورت نہیں۔ لیکن اگر آپ بلاکس کو استعمال کر نا نہ چاہیں تو کوڈ ٹائپ کرنے کا آپشن بھی استعمال کر سکتے ہیں۔ سٹینسل پلیٹ فارم اس لیے بہترین ہے کہ اس کے ذریعے بنائے گئے گیمز اینڈروئیڈ، آئی اوایس، ونڈوز، میک اور لینکس پر بھی کھیلے جا سکتے ہیں۔ اس کے ذریعے بنائے گئے کچھ گیمز ایپ اسٹور پر بہت مشہور بھی ہو چکے ہیں۔
www.stencyl.com


ای ٹوئیز (Etoys) (ونڈوز، میک، لینکس)

ای ٹوئیزایک استعمال میں آسان پروگرامنگ ٹول ہے جس کی مدد سے بچے اپنی گیمز، ماڈلز اور کہانیاں تخلیق کر سکتے ہیں۔ یہاں کوئی پروجیکٹ بناتے ہوئے اس میں گرافکس، اینی میٹڈ آبجیکٹس، میوزک، ساؤنڈ، اسکین کی گئی تصاویر اور ٹیکسٹ شامل کیے جا سکتے ہیں۔ تقریباً تمام آپریٹنگ سسٹمز کے لیے یہ ٹول بالکل مفت دستیاب ہے۔ ای ٹوئیز پروگرام کا استعمال سکھانے کے لیے اس کی ویب سائٹ پر مددگار ٹیوٹوریئل بھی موجود ہیں۔
www.squeakland.org

روبو مائنڈ (RoboMind) (ونڈوز، میک، لینکس)

روبو مائنڈ بچوں کے لیے دستیاب ایک پروگرامنگ ٹول ہے جس میں اس کی اپنی لینگویج ’’روبو‘‘ استعمال ہوتی ہے۔ یہ لینگویج بہت ہی آسان ہے، اسے استعمال کرنے کے لیے پروگرامنگ کے بارے میں علم ہونے کی بھی ضرورت نہیں۔ روبومائنڈ میں دراصل ایک ورچوئل روبوٹ کو استعمال کرتے ہوئے کچھ کام سرانجام دینے ہوتے ہیں۔ جس سے بچے آرٹی فیشیل انٹیلی جنس کو سیکھتے ہیں اور بعد میں اسے اصلی روبوٹک کِٹ جیسے کہ لیگو مائنڈ سٹورمز میں استعمال کر سکتے ہیں۔ روبومائنڈ کے ٹولز تیس دن آزمانے کے لیے مفت ملتے ہیں۔
www.robomind.net/en/index.html

واٹر بیئر (Waterbear) (ویب)


واٹربیئر کی پروگرامنگ ٹول کِٹ کو استعمال میں آسان بنانے کے لیے اس میں بھی ڈریگ اینڈ ڈراپ پروگرامنگ استعمال کی گئی ہے۔ یہ ایک ویژیول پروگرامنگ لینگویج پر مبنی ہے، یعنی اسے استعمال کرنے کے لیے پروگرامنگ کی بنیادی باتیں معلوم ہونا ضروری نہیں۔
بچوں کے علاوہ دیگر ایسے لوگ بھی اسے استعمال کر سکتے ہیں جو بنا پروگرامر بنے پروگرامنگ کے ذریعے کچھ بنانا چاہتے ہوں۔
http://waterbearlang.com

Saturday, April 25, 2015

آڈیو، وڈیو، تصاویر اور ڈاکیومنٹس سمیت تمام فائلز کے سائز کم کریں Reduce File Sizes Without Quality Loss

آڈیو، وڈیو، تصاویر اور ڈاکیومنٹس سمیت تمام فائلز کے سائز کم کریں
وقت کے ساتھ ساتھ جہاں انٹرنیٹ کی رفتار میں اضافہ ہوا ہے وہیں فائلز کے سائز میں بھی ہوشربا اضافہ ہوا ہے۔ تصاویر سے لے کر ڈاکیومنٹس، گانوں سے فلموں اور وڈیوز کے سائز کہیں سے کہیں پہنچ چکے ہیں۔ انٹرنیٹ کی رفتار اچھی ہونے کے باوجود کوئی فائل ای میل یا کہیں اپ لوڈ کرنا مشکل ہوجاتا ہے، وجہ اس کا سائز میں بڑا ہونا۔ اکثر تو تصویر اگر چھوٹے سائز میں بھیجی جائیں تب بھی کوئی مسئلہ نہیں ہوتا، لیکن ان کا سائز کیسے کم کریں یہ ہمیں پتا نہیں ہوتا۔ اس لیے ہم مکمل بڑے سائز میں ہی تصویر بھیجتے ہیں چاہے اس کے لیے کتنا ہی پریشان ہونا پڑے۔ یہ ہے تو چھوٹی سی بات لیکن یہ آپ کے انٹرنیٹ کی بینڈوڈتھ پر اثر انداز ہوتی ہے۔
تصاویر کا سائز کم کرنا تو اکثر لوگ جانتے ہیں لیکن اس کے علاوہ ڈاکیومنٹس اور وڈیوز وغیرہ کا سائز کم کرنا ہر کسی کے علم میں نہیں ہوتا۔ تقریباً تمام فارمیٹس کی فائلز کو آپٹمائز کرنے کے لیے صرف ایک ہی پروگرام کافی ثابت ہو سکتا ہے اور اس پروگرام کا نام ہے ’’فائل آپٹمائزر‘‘۔
اس پروگرام کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں آپ کی ضرورت کے تقریباً تمام فارمیٹس کی سپورٹ موجود ہے۔ گانوں ، وڈیوز، تصاویر اور ڈاکیومنٹس وغیرہ کے معروف فارمیٹس کی سپورٹ اس میں موجود ہے۔


یاد رکھیں کہ یہ فائل کو آپٹمائز کرتا ہے یعنی اس کا وزن کم کرتا ہے۔ اگر تصویر کی بات کی جائے تو یہ اس میں موجود معلومات جسے میٹا ڈیٹا کہتے ہیں، اس میں موجود فالتو پکسلز وغیرہ کو ڈیلیٹ کر کے اس کے وزن کو کم بناتا ہے۔ فائل آپٹمائزر فائل کی کوالٹی متاثر کیے کام کرتا ہے، نہ ہی اس کا سائز یعنی چوڑائی یا لمبائی کم کرتا ہے بلکہ اس کو ہلکا پھلکا بنا دیتا ہے لیکن جتنا ممکن ہو۔ اس طرح وہ فائل آپ کے لیے ای میل کرنا یا کہیں اپ لوڈ کرنا انتہائی آسان ہو جاتا ہے۔
fileoptimizer_description
اس کی سب سے بڑی خوبی اس کا تمام فارمیٹس کو سپورٹ کرنا ہے، اس طرح کوئی بھی فائل ہو اس کے لیے آپ کو الگ سے پروگرام نہیں چاہیے ہوتا۔ جن فائلز کا سائز کم کرنا ہو انھیں ڈریگ اینڈ ڈراپ سے اس میں شامل کریں، آپٹمائز کرنے کے بعد یہ آپ کو دکھاتا ہے کہ آپٹمائزیشن سے پہلے فائل کا سائز کیا تھا اور آپٹمائزیشن کے بعد یہ کس سائز میں سمٹ چکی ہے۔ جب کہ اس کی کوالٹی آپ دیکھیں گے تو وہ بھی تقریباً ویسی کی ویسی ہی ہو گی۔
موبائل فون کے ذریعے وڈیوز و تصاویر شیئر کرنے سے پہلے اس پروگرام سے مدد لینا بہت کام آسکتا ہے کیونکہ کوالٹی کو متاثر کیے بغیر فائل کا وزن کم کرنا اس کی شیئرنگ آسان بناتا ہے۔ اس کے علاوہ اگر آپ ایک ویب ڈیویلپر ہیں تو اپنی فائلز کو اس کے ذریعے آپٹمائز کر کے انھیں ہلکا پھلکا بنا سکتے ہیں اس طرح ویب سائٹ بھی لوڈنگ میں کم وقت لیتی ہے۔
فائل آپٹمائزر سافٹ ویئر اوپن سورس کے تحت بالکل مفت دستیاب ہے، ڈیویلپر حضرات کے لیے اس کا سورس کوڈ بھی اس کی ویب سائٹ پر ڈاؤن لوڈنگ کے لیے موجود ہے۔


اپنے کمپیوٹر کو تیز رفتار بنانے کی پانچ تراکیب

Friday, April 24, 2015

تمام سوشل نیٹ ورکس پر موجود اپنا ڈیٹا پی سی پر بیک اپ کریں Back Up Your Social Networks To Computer


تمام سوشل نیٹ ورکس پر موجود اپنا ڈیٹا پی سی پر بیک اپ کریں
پی سی پر کوئی ای میل کلائنٹ انسٹال کر لینے سے یہ فائدہ ہوتا ہے کہ اس میں ڈاؤن لوڈ کی گئی تمام ای میلز اور ان میں موجود فائلز آپ کے کمپیوٹر پر محفوظ ہو جاتی ہیں۔ سوشل نیٹ ورکس جیسے کہ فیس بک ، ٹوئٹر اور انسٹا گرام وغیرہ کے لیے ’’سوشل سیف‘‘ پروگرام اسی مقصد کے لیے موجود ہے۔ اس سافٹ ویئر میں آپ اپنے اکاؤنٹس شامل کر کے نہ صرف یہ کہ تمام اکاؤنٹس کو ایک ہی جگہ دیکھ سکتے ہیں بلکہ اپنا ڈیٹا بھی پی سی پر بیک اپ کر سکتے ہیں۔
فرض کریں آپ نے کہیں کوئی اچھی پوسٹ دیکھی تھی، اب دوبارہ اسے تلاش کرنا چاہیں تو یہ کتنا مشکل ہو گا؟ اگر آپ کے پاس سوشل سیف انسٹال ہے تو آپ کے تمام سوشل اکاؤنٹس ایک ہی جگہ آپ کے سامنے تاریخ وار ترتیب سے موجود ہیں۔ صرف ایک دفعہ سرچ کرنے سے اپنی مطلوبہ پوسٹ چاہے وہ کسی بھی پلیٹ فارم پر ہو، تلاش کی جا سکتی ہے۔
اس کے علاوہ ہم سوشل نیٹ ورکس پر تصاویر اور وڈیوز شیئر کرتے رہتے ہیں۔ اکثر لوگ تو تصاویر فیس بک یا انسٹاگرام پر اپ لوڈ کر دیتے ہیں اور اپنے پاس بیک اپ نہیں رکھتے۔ سوشل سیف کی مدد سے آپ اپنے تمام اکاؤنٹس میں موجود تصاویر اور وڈیوز سمیت تمام ڈیٹا کو اپنے پی سی پر بیک اپ کر سکتے ہیں۔
socialsafe-features-full-view
سوشل سیف بالکل محفوظ پروگرام ہے، آپ کے اکاؤنٹس کے پاس ورڈ یا ڈیٹا بالکل چوری نہیں کیا جاتا۔ یہ آپ کے تمام اکاؤنٹس کا ڈیٹا اپنے سرور کی بجائے براہِ راست آپ کے پی سی پر ڈاؤن لوڈ کرتا ہے۔ اس کے علاوہ آپ کی حفاظت کے لیے اس پروگرام پر بھی پاس ورڈ لگانے کی سہولت موجود ہوتی ہے تاکہ کوئی دوسرا اس تک رسائی نہ حاصل کر سکے۔
سوشل سیف کے مفت دستیاب ورژن میں صرف چار اکاؤنٹس شامل کیے جا سکتے ہیں جو یقیناً کوئی بڑی قید نہیں۔ البتہ اس کے قیمتاً دستیاب ورژن میں بیس اکاؤنٹس شامل کرنے کی اجازت ہوتی ہے، اس کے علاوہ اس کمرشل ورژن سے مختلف پوسٹس کی پی ڈی ایف فائلز بھی بنائی جا سکتی ہیں۔ مفت ورژن میں بھی پہلے مہینے یعنی تیس دن تک آپ کو کمرشل ورژن کے تمام فیچرز بھی دیے جاتے ہیں۔